وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیلی کام انڈسٹری پر ٹیکسوں میں اضافے کے بعد ٹیلی کام آپریٹرز نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی طرح ’فون کالز‘ کی باقاعدہ بندش کے لیے تیار ہوجائیں۔
یہ پیش رفت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے حالیہ اجلاس سے سامنے آئی جس کے دوران ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندوں نے ٹیکس میں اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران ٹیلی کام کے نمائندوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے درآمدی فائبر آپٹک کیبل پر ایڈوانس ٹیکس میں 15 فیصد جبکہ ڈیوٹی میں 20 فیصد اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹیلی کام کمپنیاں پہلے ہی کئی چیلنجز سے نبرد آزما ہیں اور فائبر آپٹک کیبل پر ٹیکسوں میں اضافے سے ٹیلی کام انڈسٹری پر اضافی بوجھ پڑے گا۔ ٹیلی کام کے نمائندوں نے کہا کہ ملک بھر میں صرف 10 فیصد ٹاورز میں فائبر آپٹک کیبل استعمال ہوتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت فائبر آپٹک کیبل پر ٹیکس کم نہیں کرتی ہے تو پاکستان عالمی رابطے کی دوڑ سے محروم ہو جائے گا۔
انہوں نے کمیٹی سے درخواست کی کہ وہ حکومت کو فائبر آپٹک کیبل کی درآمد پر ٹیکس کم کرکے 8 فیصد کرنے کی سفارش کرے۔ کمیٹی نے ٹیلی کام کمپنیوں کو اپنی تجاویز حکومت تک پہنچانے کو یقینی بنایا۔

